کانپور،6جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانپور کے دس شہری اور دیہی اسمبلی سیٹوں کے 19فروری کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر انتظامیہ 26جنوری کوکانپور میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان منعقد ہو رہے ٹی 20کرکٹ میچ کے ٹکٹ کے انتخابی غلط استعمال کے خدشات پر نگاہ رکھ رہی ہے۔ضلع انتظامیہ نے میچ کو منظم کرنے اور ٹکٹ بیچنے والی ایجنسیوں کو آگاہ کیا ہے کہ اگر کوئی شخص بلک میں زیادہ کرکٹ میچ کے ٹکٹ خریدتا ہے تو فوری طور پر ضلع انتظامیہ کو مطلع کریں۔کانپور کے ضلع مجسٹریٹ(ڈی ایم)کوشل راج شرمانے بتایا کہ کانپور کے گرین پارک میں 26جنوری کو ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20کرکٹ میچ ہو رہا ہے جبکہ کانپور شہر میں اسمبلی سیٹوں پر نامزدگی کا عمل 24جنوری سے شروع ہو رہا ہے۔ایسے میں انتظامیہ اس بات پر بھی نظر رکھے گی کہ کہیں کوئی امیدوار ووٹروں کو لبھانے کیلئے کرکٹ میچ کے مفت ٹکٹ نہ بٹوا دے۔شرما نے کہا کہ ٹکٹ بیچنے والی ایجنسیوں کوہدایات دی گئی ہیں کہ وہ بلک میں ٹکٹ خریدنے والوں کی معلومات ضلع انتظامیہ کو دیں۔انہوں نے بتایا کہ تمام شراب کے خریداروں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ گزشتہ سال اس ماہ میں کتنی شراب کی فروخت ہوئی تھی اس کے اعداد و شمار پیش کریں،اگراس مہینے گزشتہ سال اس ماہ کے مقابلے میں شراب کی فروخت ہو رہی ہے تو پتہ لگایا جائے گا کہ کن لوگوں نے اس ماہ زیادہ شراب خریدی ہے۔اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی نگرانی رکھی جائے گی،اگر کوئی امیدوار یا اس کا حامی سوشل میڈیافیس بک، ٹوٹر یا وہاٹس ایپ پر کوئی قابل اعتراض پوسٹ کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔